معروف اداکارہ سونیا حسین نے سابق رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کے انتقال پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سونیا حسین نے کہا کہ ‘مجھے اتنے دن سے سمجھ ہی نہیں آ رہا تھا کہ میں ان کے انتقال پر کیا لکھوں، جس وقت مجھے یہ خبر ملی میں سیٹ پر تھی اور میک اپ کروا رہی تھی، میں نے سنتے ہی کہا یہ فیک نیوز ہوگی’۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ‘یہ خبر میں نے بہت سے لوگوں سے شیئر کی، کچھ لوگوں نے معمولی تاثر دیا جب کہ کچھ افراد نے کہا کہ اچھا ہوا وہ اس دنیا سے چلا گیا’۔
سونیا نے حیرانی اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘کوئی بھی شخص کسی کی موت پر ایسے کیسے کہہ سکتا ہے کہ اچھا ہوا وہ چلا گیا؟ مجھے شدید دکھ ہے، انہوں نے ٹی وی چینلز کو اپنے شوز کے ذریعے پیسے کما کر دیے، ان کے شوز کی بہترین ریٹنگ آتی تھی’۔
اداکارہ نے نام لیے بغیر عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ‘پہلی بار دیکھ رہی ہوں کہ شادی کے بعد بھی ایسے ذاتی لمحات سوشل میڈیا پر شیئر کیے جا سکتے ہیں، انسان کس چیز پر یقین کرے؟ ایسے نکاح کا کیا فائدہ؟ ایسے رشتے میں بندھنے کا کیا فائدہ جب آپ خود کو محفوظ ہی نہ سمجھ سکیں۔’