Pervez Musharraf's health

پرویز مشرف کی صحت خراب ہے، لیڈرشپ کا مؤقف ہے انہیں واپس آجانا چاہیے، ترجمان پاک فوج

eAwazآس پاس

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی صحت بہت خراب ہے، اللہ انہیں صحت دے، لیڈرشپ کا مؤقف ہے کہ پرویز مشرف کو واپس آجانا چاہیے، پرویز مشرف کی واپسی کا فیصلہ ان کی فیملی نے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو واپس لانے کیلئے ان کے خاندان سے رابطہ کیا گیا، فیصلہ ان کی فیملی کو کرنا ہے۔ پرویزمشرف کی فیملی کے جواب کے بعد انتظامات کیے جاسکتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کی صحت کی صورتحال میں انسٹی ٹیوشن کا اور لیڈرشپ کا مؤقف ہے کہ پرویز مشرف کو واپس آجانا چاہیے، اسی سلسلے میں پرویز مشرف کی فیملی سے رابطہ کیاگیا، پرویز مشرف کی واپسی کا فیصلہ ان کی فیملی اور ان کے ڈاکٹرز نے کرنا ہے کہ وہ ان کو ایسی کنڈیشن میں سفر کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں یا نہیں؟

انہوں نے کہا کہ اگریہ دونوں چیزیں سامنے آجاتی ہیں تو اس کے بعد ہی کوئی انتظامات کیےجاسکتے ہیں، انسٹی ٹیوشن محسوس کرتاہے کہ جنرل مشرف کو اگر ہم پاکستان لاسکیں تو لانا چاہیے کیوں کہ ان کی کنڈیشن ایسی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف کا دورہ چین بہت اہم تھا، پاکستان چین کے تعلقات بہت اسٹریٹجک نوعیت کے ہیں، پاک چین تعلقات خطے میں امن کیلئے اہم ہیں، سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی میں کوئی کمی نہیں آنے دی، سی پیک کی سکیورٹی خصوصی طور پر پاک فوج کو دی گئی، سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی پر 24 گھنٹے کام کیاجارہاہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے دورے میں چینی صدر سے بھی ملاقات کی، چین نے پاکستان کی دفاعی قوت بڑھانےمیں اہم کردار ادا کیا۔