Bridging Treaty

بریگزٹ کی خلاف ورزی پریورپی یونین کا برطانیہ کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

eAwazورلڈ

بریگزٹ معاہدے کی خلاف ورزی پر یورپی یونین نے برطانیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

برطانیہ کی طرف سے پیش کیے گئے ایک حالیہ بل کے مطابق شمالی آئرلینڈ میں برطانیہ سے داخل ہونے والی اشیاء سے کسٹم چیکنگ ختم کردی جائے گی۔

یہ بل بریگزٹ معاہدے کی خلاف ورزی میں شمار ہوگا، یورپی یونین کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا یک طرفہ فیصلہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور ناقابل قبول ہے۔

یورپی کمیشن کے نائب صدر نے برسلز میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ شمالی آئرلینڈ کی عوام اور کاروبار میں استحکام کے لیے برطانیہ سے بات چیت جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ’’ناردرن آئرلینڈ پروٹوکول‘‘ میں ہی حل تلاش کرنا ہوگا۔

ناردرن آئرلینڈ پروٹوکول بریگزٹ معاہدے کا حصہ ہے، جس پر وزیراعظم بورس جانسن نے دو سال قبل دستخط کیے تھے۔

ناردرن آئرلینڈ پروٹوکول کیا ہے؟
شمالی آئرلینڈ برطانیہ کا وہ واحد حصہ ہے، جس کی سرحد یورپی ملک جمہوریہ آئرلینڈ سے ملتی ہے۔

بریگزٹ سے قبل دونوں سرحدوں کے درمیان تجارتی سامان کی نقل و حرکت آسان تھی کیونکہ یہاں یورپی یونین کے تجارتی قوانین لاگو ہوتے تھے۔ کسی قسم کی کاغذی کارروائی اور چیکنگ نہیں ہوتی تھی۔

بریگزٹ کے بعد برطانیہ سے شمالی آئرلینڈ میں داخل ہونے والی کچھ مخصوص اشیاء جیسا کہ دودھ، انڈے اور دیگر غذائی سامان کو تلاشی کے بعد مطلوبہ مقام تک پہنچانے کی اجازت ملنا تھی۔

ایسا اس لیے ہے کہ یورپی یونین میں غذا کے حوالے سے سخت قوانین نافذ ہیں۔

لیکن برطانیہ نے بریگزٹ ڈیل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ یورپی یونین اور جمہوریہ آئرلینڈ میں داخل ہونے والے سامان کی تلاشی ہوگی جبکہ شمالی آئرلینڈ جانے والا سامان بغیر چیکنگ کے پہنچایا جائے گا۔