جیو انٹرٹینمنٹ کی فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ کی ہیروئن صبا قمر نے کہا ہے کہ وہ اپنے جیون ساتھی کے لیے مستقبل میں اداکاری چھوڑ دیں گی۔
سوشل میڈیا پر صبا قمر کے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ مستقبل میں اپنی اداکاری سے متعلق گفتگو کر رہی ہیں۔
صبا قمر نے کہا کہ ’مستقبل میں اداکاری جاری رکھنا مشکل ہے، شاید میں اداکاری کے علاوہ کوئی دوسرا کام کرلوں‘۔
اداکارہ نے کہا کہ ’میں اپنے عزم کی بہت پکّی ہوں، اگر مجھے اپنے جیون ساتھی کے لیے اداکاری چھوڑنا پڑی تو میں چھوڑ دوں گی‘۔
اُنہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’میں روزانہ اپنے شوہر کے ساتھ ڈرامے کروں گی، اپنی ساری اداکاری شوہر کو دِکھاؤں گی‘۔
صبا قمر نے مزید کہا کہ ’میرے ڈراموں سے میرے شوہر خوش رہیں گے تو میں بھی خوش رہوں گی‘۔
واضح رہے کہ اسی انٹرویو کے دوران صبا قمر نے انکشاف کیا تھا کہ وہ شادی کے بعد ہنی مون سے قبل حج پر جائیں گی۔