Critical letter against Elon Musk

ایلون مسک کے خلاف تنقیدی خط تحریر کرنے والے اسپیس ایکس کے 5 ملازمین برطرف

eAwazآس پاس, اردو خبریں

راکٹ کمپنی اسپیس ایکس نے ایلون مسک کے خلاف تنقیدی خط لکھنے پر کم از کم 5 ملازمین کو ملازمت سے نکال دیا ہے۔

نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں اس معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسپیس ایکس کے سیکڑوں ملازمین کی جانب سے کمپنی کے عہدیداران کے نام ایک کھلے خط میں ایلون مسک پر تنقید کی گئی تھی۔

اس خط کے بعد اسپیس ایکس نے 16 جون کو 5 ملازمین کو برطرف کردیا۔

اسپیس ایکس نے ملازمین کو نکالنے جانے کی رپورٹ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق اسپیس ایکس کی صدر گیوین شاٹ ویل نے ایک ای میل میں کہا کہ کمپنی کی جانب سے خط کے معاملے پر تحقیقات کی جارہی ہے اور اس میں شامل ملازمین کو برطرف کیا گیا ہے۔

گیوین شاٹ ویل نے کہا کہ جن ملازمین کو نکالا گیا ہے انہوں نے عملے کے دیگر افراد پر خط پر دستخط کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔

اس خط میں ملازمین کی جانب سے اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کے رویے کو کمپنی کے لیے شرمندگی کا باعث کہا گیا تھا۔

اس خط کو اسپیس ایکس کے ملازمین نے کمپنی کی ایک گروپ چیٹ میں شیئر کیا تھا۔