بھارت کی بنگال اسمبلی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی معطل رہنما نوپور شرما کے گستاخانہ بیان کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگال اسمبلی نے بی جے پی کی معطل رہنما نوپور شرما کے گستاخانہ بیان کی مذمت میں ایک قرارداد منظور کی ہے۔
بی جے پی کے رہنماؤں نے اس وقت احتجاج شروع کیا جب مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اسمبلی سے خطاب کر رہی تھیں۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم نے اس وقت کارروائی کی جب ریاست میں تشدد ہوا لیکن یہ خاتون (نوپور شرما) اب تک کیسے گرفتار نہیں ہوئی؟
اُنہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ اسے گرفتار نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کولکتہ پولیس سے چار ہفتے کا وقت مانگا ہے، آج پولیس کے سامنے پیش ہونا تھا لیکن وہ خاتون پیش نہیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ نوپور شرما نے اپنے متنازع ریمارکس پر اپنی جان کو لاحق خطرات کی وجہ سے کولکتہ پولیس کے سامنے پیش ہونے کے لیے مزید 4 ہفتے کی توسیع کی درخواست کی ہے۔