نو انٹری 2 میں ایک دو نہیں، 10 ہیروئنز

eAwazفن فنکار

نامور بالی ووڈ ڈائریکٹر انیس بزمی فلم ’نو انٹری‘ کے سیکوئل کے لیے شوٹنگ کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہیں، اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ فلم میں ایک دو نہیں بلکہ 10 ہیروئنز ہوں گی۔ 

فلم ’بھول بھلیاں 2‘ کی کامیابی کے بعد فلم ساز نے اب اپنی توجہ 2005 کی کامیڈی فلم ’نو انٹری‘ کے سیکوئل پر مرکوز کرلیں۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران انیس بزمی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت سلمان خان کے ممبئی واپس آنے کا انتظار کر رہے ہیں جس کے بعد فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ فلم نو انٹری کے بعد ایک مرتبہ پھر سلمان خان، انیل کپور اور فردین خان ایک ساتھ بڑے پردے پر اپنی پرفارمنس سے مداحوں کے دل جیتنے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ اس فلم میں ایشا دیول، لارا دتہ اور سلینا جیٹلی کی صورت میں تین ہیروئنز کے ساتھ بپاشا باسو نے بھی مرکزی کردار نبھایا تھا۔

تاہم اب انیس بزمی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم کے لیے ایک دو نہیں بلکہ 10 ہیروئنز کو فلم میں موقع دینے والے ہیں۔

بھارتی ہدایتکار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جی ہمیں 10 لڑکیوں کی ضرورت ہے، اس فلم میں 10 ہیروئنز ہوں گی۔

فلم سے متعلق اپ ڈیٹ دیتے ہوئے انیس بزمی کا کہنا تھا کہ میری اس فلم سے متعلق سلمان خان سے 3، 4 ملاقاتیں ہوئی ہیں اور انہوں نے یقین دلایا کہ ’ہم جلد فلم کی شوٹنگ شروع کر رہے ہیں، آپ بس تیاری کرلیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ میں سلمان خان کی ممبئی واپسی کے بعد ان سے ایک مرتبہ پھر ملاقات کروں گا، ہر چیز کو حتمی شکل دے کر شوٹنگ کا جلد آغاز کردیا جائے گا۔