ہالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر ایڈ پرکنز کی ہدایتکاری میں بننے والی شہزادی ڈیانا کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’دی پرنسز‘ آج ریلیز کی جا رہی ہے۔
آسکر کے لیے نامزد ڈائریکٹر ایڈ پرکنز نے نئی دستاویزی فلم میں شہزادی ڈیانا کی زندگی کی سیکڑوں گھنٹے کی فوٹیج کے ذریعے ان لمحات کو سمونے کی کوشش کی ہے جن سے متعلق انہیں امید ہے کہ وہ لیڈی ڈیانا کی موت کے 25 سال بعد ان کی زندگی اور عوام میں ان کے تاثر کا نیا رخ پیش کریں گے۔
ان کی نئی فلم ’دی پرنسز‘ مکمل طور پر لیڈی ڈیانا کی زندگی کی آرکائیو ویڈیوز پر مشتمل ہے جس میں ان کی جوانی سے لے کر 31 اگست 1997 کو 36 سال کی عمر میں ان کی موت اور اس کے نتیجے میں سوگ کے غیرمعمولی مناظر شامل ہیں۔
ایڈ پرکنز کا کہنا ہے کہ دستاویزی فلم میں انہوں نے انٹرویوز اور تجزیوں کے روایتی انداز سے بچتے ہوئے لیڈی ڈیانا، میڈیا اور عوام کے درمیان تعلقات کی پیچیدگیوں کو کھوجنے کی کوشش کی ہے اور وہ اس کے ناظرین سے جذباتی ردعمل کی امید رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’ہماری کوشش تھی کہ اس دستاویزی فلم میں لیڈی ڈیانا کی زندگی پر مبنی آرکائیو ویڈیوز کو ایک قسم کی ٹائم مشین کے طور پر استعمال کریں تاکہ ناظرین کو ماضی میں واپس لے جایا جا سکے اور انہیں اس وقت میں دوبارہ جینے کا موقع دیا جا سکے‘۔
دستاویزی فلم کے ڈائریکٹر ایڈ پرکنز لیڈی ڈیانا کی موت کے وقت 11 برس کے تھے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا فلم سازی کا انداز ناظرین کو لیڈی ڈیانا کے ساتھ اپنے تعلق کا ازسر نو تجزیہ کرنے کی ترغیب دے گا۔
لیڈی ڈیانا کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم ’دی پرنسس‘ 30 جون یعنی آج برطانیہ کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
خیال رہے کہ 1981 میں 20 سال کی عمر میں لیڈی ڈیانا شہزادہ چارلس سے شادی کے بعد عالمی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
بعد ازاں لیڈی ڈیانا کی شہزادہ چارلس سے 1996میں طلاق ہوگئی تھی جس کے ایک سال بعد1997میں وہ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔