Corona virus rate rises to 5% in Pakistan, another patient dies

پا کستان میں کورونا وائرس کی شرح 5 فیصد سے بڑھ گئی، مزید ایک مریض جاں بحق

eAwazصحت

پا کستان میں کورونا وائرس کی شرح 5 فیصد سے بڑھ گئی ، عیدالاضحیٰ کی تقریبات اور مون سون کی بارشوں کے درمیان کووِڈ 19 کے کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 255 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید ایک شخص انتقال کر گیا۔

قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مثبت کیسز کی شرح 5.46 فیصد ریکارڈ کی گئی، کورونا سے متاثر 141 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کی تشخیص کے لیے 4 ہزار 674 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 255 کیسز مثبت آئے جبکہ وائرس سے متاثرہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

کراچی میں شرح 39 فیصد سے زائد ریکارڈ
ملک کے مالیاتی دارالحکومت کراچی میں منگل کو مثبت کیسز کی شرح 39.46 فیصد کی خطرناک سطح پر پہنچ گئی۔

این آئی ایچ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہر قائد میں 408 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 161 مثبت آئے۔

ادارے نے کہا کہ کراچی میں کورونا کیسز کی سب سے زیادہ مثبت شرح ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اسلام آباد رہا جہاں کووڈ 19 کا تناسب 7.69 فیصد رہا۔

دیگر شہروں جن میں انفیکشن کی شرح 2 فیصد سے زیادہ پائی گئی ان میں لاہور، حیدر آباد اور پشاور شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کورونا وائرس سے متاثرہ 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 371 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔

قومی ادارہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مثبت کیسز کی شرح 2.47 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ وبا سے متاثر 140 مریضوں کی حالت تشویشناک تھی۔

2 روز قبل ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 502 نئے کیسز سامنے آئے تھے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2.73 فیصد رہی۔

علاوہ ازیں کورونا سے متاثر 145مریضوں کی حالت تشویشناک ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ کورونا وائرس میں مبتلا ایک مریض انتقال کرگیا تھا۔

خیال رہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کی آئندہ مذہبی تقریبات کے دوران کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘لوگوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا چاہیے تاکہ کیسز میں اضافے کی رفتار کو کنٹرول کیا جا سکے کیونکہ یہ ہسپتالوں میں زیر استعمال بستروں کی شرح کو براہ راست متاثر کرتا ہے، اگر کیسز کی تعداد روزانہ بڑھتی رہی تو اس کے نتیجے میں ہسپتالوں میں مزید مریض داخل ہوں گے’۔

این سی او سی کے رکن ڈاکٹر علی خان نے کہا تھا کہ اگر دونوں مذہبی ایونٹس کیسز میں کوئی اضافہ دیکھے بغیر گزر گئے تو ملک میں کورونا کی چھٹی لہر نہیں آسکتی۔