آئی ایم ایف سے معاہدہ، پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی راہ ہموار ہو گئی: وزیراعظم

eAwazپاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی بحالی پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاہدے کی بحالی کے لیے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وزارت خارجہ کی کوششوں کو بھی سراہتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی بحالی بہترین ٹیم ورک کی عمدہ مثال ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا آئی ایم ایف سے معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد فریقین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

معاہدے کے نتیجے میں آئی ایم ایم پاکستان کو ایک ارب 17 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرے گا تاہم پاکستان کو بجٹ میں دی گئی پالیسیوں اور کرپشن کی روک تھام کے لیے سختی سے عمل درآمد کرنا ہو گا۔