بالی وڈ کی سابقہ اداکارہ ثنا خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے کی تفصیلات بتائی ہیں۔
2012 میں بگ باس 6 سے شہرت حاصل کرنے والی ثنا خان نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ماضی کے حوالے سے بتایا اور دوران انٹرویو انہوں نے شوبز، پیسہ، شہرت چھوڑنے کی وجوہات بھی بتائیں۔
سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ان کی ماضی کی زندگی میں ان کے پاس ہر چیز تھی، عزت، دولت اور شہرت سب کچھ، جو چاہے وہ کرسکتی تھیں لیکن ایک چیز کی کمی تھی یعنی قلبی سکون نہیں تھا۔
ثنا خان مستقل حجاب پہننے سے متعلق بتاتے ہوئے جذباتی بھی ہوئیں اور انہوں نے بتایا کہ وہ شوبز چھوڑنے سے پہلے کئی کئی دنوں تک ڈپریشن میں رہیں، پھر وہ وقت آیا جب اللّٰہ تعالیٰ کا پیغام اور اس کی علامات ملنے لگیں۔
‘خواب میں جلتی ہوئی قبر دیکھا کرتی تھی’
انہوں نے انکشاف کیا کہ ‘ 2019 کے ماہ رمضان کے بارے میں مجھے آج تک یاد ہے کہ مجھے خواب و خیال میں ایک قبر دیکھا کرتی تھی، جو جلتی ہوئی تھی اور میں خود کو اس میں پاتی تھی جس پر میں نے محسوس کیا کہ یہ وہ علامتی پیغام ہے جو اللّٰہ تعالیٰ کی جانب سے مجھے تبدیلی کے لیے ملا ہے اور میرا خاتمہ اسی طرح ہونا تھا، اس کی وجہ سے میں فکر مند ہوئی’۔
ثنا خان نے بتایاکہ اس دوران میں نے ترغیبی تقاریر بھی سنیں، مجھے یاد ہے کہ میرے اندر تبدیلیاں آنے لگیں، جو تقاریر میں سنتی تھی ان میں سے ایک میں کہا گیا تم نہیں چاہتی کہ تمہارا روز آخر حجاب پہننے کا پہلا دن نہ ہو اور یہی وہ چیز تھی جس نے مجھ پر گہرا اثر چھوڑا، یہ بتاتے ہوئے وہ آبدیدہ ہوگئیں۔
سابقہ اداکارہ نے مزید کہا مجھے یاد ہے کہ اگلی صبح جو میری سالگرہ کا بھی دن تھا، میرے پاس گھر پر کافی اسکارف تھے جو میں نے پہلے خریدے تھے اسے نکال کر پہنا اور اپنے آپ سے کہا کہ اب میں کبھی بھی اسے نہیں اتاروں گی۔