بالی ووڈ اداکار اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے شوہر رنویر سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ رنویر سنگھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی بے ہودہ و فحش تصاویر پوسٹ کی ہیں۔
ممبئی کے چیمبور پولیس اسٹیشن میں اداکار کے خلاف دفعہ 292، 293، 509 اور 67A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو فحش مواد، اخلاقیات وشائستگی سے گری ہوئی حرکت، خواتین کی توہین اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی خلاف ورزی پر مبنی ہے۔
چوبے نامی خاتون وکیل نے پولیس کو جو درخواست دی ہے اس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ رنویر سنگھ نے یہ حرکت کرکے خواتین کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے ساتھ عمومی طور پر بے حیائی کا ارتکاب کیا ہے۔
یاد رہے کہ باجی راؤ مستانی، پدماوت اور گلی بوائے جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور اور کئی ایوارڈز حاصل کرنے والے رنویر سنگھ نے یہ فوٹو شوٹ ایک بین الاقوامی پیپر کے لیے کیا۔
بالی ووڈ اداکار کے اس اقدام پر ان کے پرستار اور سلیبریٹی دوست بھی حیران و پریشان ہیں۔