ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے نادرا کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز

eAwazپاکستان

یشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ڈیجیٹل سولیوشن کا پائلٹ ٹیسٹ شروع کر دیا ہے جسے ملک میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

 رپورٹ کے مطابق پائلٹ ٹیسٹ آزاد جموں و کشمیر سمیت چاروں صوبوں کی 83 تحصیلوں کے 429 مردم شماری بلاکس میں جاری ہے اور اس سے قبل ابتدائی ٹیسٹنگ کی گئی تھی۔

یہ پیشرفت منگل کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں سامنے آئی۔

اجلاس میں پاکستان شماریات بیورو، وزارت خزانہ، نادرا، مشترکہ مفادات کونسل، نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن اور آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

نادرا کے چیئرمین طارق ملک نے اجلاس کو بتایا کہ ڈیجیٹل سولیوشن صرف تین ہفتوں میں جدید طریقہ کار کو استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاری پائلٹ مرحلے کے دوران 59ہزار 569 ڈھانچوں، 58ہزار 882 گھرانوں اور 74ہزار 536 افراد کی گنتی کی گئی ہے۔

طارق ملک نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ اس حل میں اینڈرائیڈ پر مبنی ہاؤس لسٹنگ اور شماریاتی ایپلی کیشن کی تنصیب کے ساتھ ساتھ گلوبل پوزیشننگ سسٹم اور جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم، ڈیٹا سینٹر اور کال سینٹر سروسز اور تحصیل کی سطح پر تکنیکی معاونت کے مراکز کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے ایک آن لائن ویب پورٹل کا قیام بھی شامل ہے۔

نادرا کے چیئرمین نے مزید کہا کہ سسٹم پورے عمل میں درستی، احتساب اور شفافیت کو یقینی بنائے گا۔

اینڈرائیڈ پر مبنی ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کو ڈیٹا کی مطابقت پذیری کی خصوصیت کے بغیر آن لائن اور آف لائن سپورٹ حاصل ہے، یہ نظام مردم شماری کے تینوں مراحل یعنی مردم شماری سے پہلے کے مرحلے، مردم شماری کے مرحلے اور مردم شماری کے بعد کے مرحلے میں پاکستان شماریات بیورو کی مدد کرے گا۔

نادرا پاکستان شماریات بیورو میں ڈیجیٹل امیجریز کے ساتھ مردم شماری کے ڈیٹا کے مرکزی ذخیرے کے لیے ڈیٹا سینٹر کی خدمات کو بڑھا رہا تھا۔