آرمی چیف کی امریکا سے IMF پر دباؤ ڈالنے کی درخواست

eAwazآس پاس

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکا سے پاکستان کے لیے قرض کی رقم جلد جاری کرنے کے لیے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کی درخواست کر دی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی نائب وزیرِ خارجہ وینڈی شرمین سے ٹیلیفون پر گفتگو میں یہ اپیل کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس اور محکمۂ خزانہ آئی ایم ایف پر پاکستان کے لیے تقریباً 1 ارب 20 کروڑ ڈالرز کی فوری فراہمی کے لیے دباؤ ڈالے جو پاکستان کو دوبارہ شروع کیے گئے قرض پروگرام کے تحت ملنے والے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے 13 جولائی کو قرض کے لیے پاکستان کو ’اسٹاف لیول کی منظوری‘ دے دی تھی، لیکن یہ لین دین پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے 6 بلین ڈالر کے توسیعی فنڈ کی سہولت کا حصہ ہے۔

وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے 14 جولائی کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آئی ایم ایف کا اعلامیہ شیئر کیا تھا۔

2 روز قبل اسلام آباد میں کارپوریٹ گورننس سیمینار سے خطاب میں وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاملات اگست کے شروع میں حل ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے اینٹی کرپشن قوانین پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے، اینٹی کرپشن قوانین اگرچہ آئی آیم ایف کا ترجیحی ایکشن نہیں ہے۔

وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم ڈیفالٹ سے بچ چکے ہیں لیکن ابھی بھی چوکنا رہنا ہو گا۔