راولپنڈی میں ڈینگی کے پھیلاؤ کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ

eAwazصحت

راولپنڈی ڈویژن کے کئی علاقوں میں ڈینگی پھیلنے کے امکانات کے پیش نظر ڈویژنل کمشنر نورالامین مینگل نے گزشتہ روز 4 اضلاع راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں ڈینگی ایمرجنسی پلان نافذ کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈویژنل کمشنر نے بتایا کہ ‘ضلع میں 16 جون سے 2 اگست تک 950 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی اور ہیلتھ اتھارٹی نے مختلف علاقوں میں گزشتہ برس کے مقابلے میں ڈینگی لاروا اور مچھر زیادہ تعداد میں پائے، لہٰذا ان علاقوں میں وائرس کے پھیلنے کے امکانات ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ جون سے اگست تک ہونے والی بارش نے ڈینگی مچھروں کی افزائش کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا، گزشتہ سال اگست تک صرف 3 کیسز رپورٹ ہوئے تھے لیکن رواں سال مجموعی طور پر 29 افراد وائرس سے متاثر ہوئے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں کیسز کی تعداد بڑھ سکتی ہے، گزشتہ سال نومبر تک ضلع راولپنڈی سے ڈینگی کے ساڑھے 3 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے تھے۔

کمشنر نے کہا کہ رواں سال اب تک دو علاقے سب سے زیادہ غیر محفوظ پائے گئے جن میں چک جلال دین اور کہوٹہ شامل ہیں۔

منصوبے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لاروا کو ٹریس کرنے کے لیے نگرانی کے معیار کو اپ گریڈ کریں۔

ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ وبائی امراض اور کنٹرول (ڈی سی ای پی سی) ڈاکٹر سجاد محمود نے بتایا کہ ڈینگی بخار کے 56 مشتبہ افراد کو ضلعی ہسپتالوں میں لایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے محکموں نے یکم جنوری سے 2 اگست تک ضلع کے مختلف علاقوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 660 ایف آئی آر درج کیں، 272 علاقوں کو سیل کیا، 830 افراد کو چالان جاری کیے، 3930 کو نوٹسز اور 18 لاکھ 35 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

نیوز سورس ڈان نیوز