مہوش حیات ’یوکے مسلم فلم‘ کی فلاحی سرپرست مقرر

eAwazفن فنکار

امریکی ویب سیریز ’مس مارول‘ میں عائشہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ مہوش حیات کو برطانیہ کی فلاحی تنظیم ’یو کے مسلم فلم‘ نےاپنے فلاحی منصوبوں کی پہلی اعزازی سرپرست مقرر کردیا۔

’یو کے مسلم فلم‘ نامی تنظیم کا مقصد مسلمانوں کو اسکرین پر مثبت کرداروں میں دکھانا اور اسلام سے نفرت دلانے والے مواد کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

مذکورہ تنظیم کو کچھ عرصہ قبل ہی برطانوی صحافی، فلم ساز، لکھاری اور میڈیا پرسنلٹی ساجد وردا نے بنایا تھا، جس کا مقصد آن اور آف اسکرین مسلمان اداکاروں، فلم سازوں، تکنیکی عملے اور انفلوئنسرز کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

مذکورہ تنظیم دنیا بھر کے مسلمان فلم لکھاریوں کو مالی معاونت بھی فراہم کرتی ہے، جس کے لیے وہ دنیا بھر سے لکھاریوں کو اپنے خیالات بھیجنے کی دعوت دیتی ہے اور پھر جیوری فیصلہ کرکے اچھی کہانی کو منتخب کرکے اسے فنڈ فراہم کرتی ہے۔

اسی تنظیم کے تحت جلد ہی برطانیہ میں پہلے ’عالمی مسلم فلم فیسٹیول‘ کا انعقاد بھی ہوگا، جس میں دنیا بھر کے مسلمان فلم سازوں اور شوبز شخصیات کو اپنا کام پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

اسی تنظیم نے حال ہی میں مہوش حیات اور کینیڈین نژاد امریکی مسلمان لکھاری لینا علی کو اپنے فلاحی منصوبوں کے لیے پہلے سرپرست کے طور پر مقرر کیا، جس کا اعلان تنظیم نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا جب کہ مہوش حیات نے بھی اس ضمن میں سوشل میڈیا پوسٹس شیئر کیں۔