گولڈ میڈل جیتنے پر صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کی ارشد ندیم کو مبارکباد

eAwazکھیل

کامن ویلتھ گیمز کے جویلین تھرو مقابلے میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو پاکستان کی نامور شخصیات کی جانب سے مبار کباد دیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

صدر عارف علوی نے ارشد ندیم کو کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنےاور تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد دی اورکہا کہ آپ قوم کا فخر ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ‘ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے’۔

شہباز شریف نے لکھا ‘ارشد ندیم کی مستقل مزاجی، جذبہ اور محنت ہمارے نوجوانوں کے لیے سبق آموز ہے’۔

وزیر اعظم نے کہا ‘ارشد، آپ کی شاندار کامیابی پر مبارکباد’۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد دی۔
اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی نیزہ بازی کے مقابلے میں شاندار کاکردگی پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی۔

نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہاکہ پاکستان کا نام روشن کرنے پر شاباش ارشد ندیم،آپ نے ہمیں قابل فخر بنا دیا،شاباش چیمپئن۔

ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہاکہ ایتھلیٹکس میں کئی دہائیوں بعد گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں۔