عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ اس نے دیوالیہ پن کے شکار سری لنکا کے ساتھ 4 برس کے دوران 2 ارب 90 کروڑ ڈالر کا بیل آؤٹ پیکج فراہم کرنے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا، اپریل میں اپنے 51 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے کی وجہ سے دیوالیہ ہوگیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی خبر کے مطابق مالی بدحالی کے دوران سہارا دینے والے اہم ترین عالمی قرض دہندہ کی جانب ملنے والی مالی امداد اپریل میں دیوالیہ ہونے والے جزیرہ نما ملک کے 51 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضوں کی تنظیم نو سے مشروط کی گئی ہے۔
کولمبو میں 9 روز سے جاری مذاکرات کے بعد اپنے ایک بیان میں آئی ایم ایف نے کہا کہ سری لنکا کو فراہم کردہ اس نئے پروگرام کا مقصد میکرو اکنامک استحکام اور قرضوں کی واپسی کو بحال کرنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قرضوں کی پائیداری کو یقینی بنانے اور مالیاتی خلا کو پُر کرنے کے لیے سری لنکا کے قرض دہندگان سے قرض میں ریلیف اور کثیرالجہتی شراکت داروں سے اضافی فنانسنگ کی ضرورت ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے مالی مدد فراہم کیے جانے سے قبل، سری لنکا کے سرکاری قرض دہندگان سے قرض کی تسلسل کے ساتھ واپسی کو بحال کرنے کے لیے مالیاتی یقین دہانیاں اور نجی قرض دہندگان کے ساتھ باہمی تعاون کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے سنجیدہ کوشش کرنا بہت ضروری ہے۔