افغانستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر راشد خان ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راشد خان نے کہا کہ ایشیا کپ میں اب تک اچھے میچز رہے ہیں، اب سپر فور پر فوکس ہے کوشش ہے کہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھیں اور کوشش ہو گی کہ جو غلطیاں پہلے مرحلے میں کیں ان کو نہ دہرائیں۔
راشد خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے پہلے مرحلے میں ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، تمام ایشیائی ٹیموں نے ان کنڈیشنز میں بہت کھیلا ہوا ہے، اس لیے افغانستان سمیت کوئی ٹیم یہاں انجان نہیں ہے کیونکہ کوئی ٹیم یورپ سے نہیں آئی سب کو یہاں کے موسم اور پچز کا پتہ ہے ،اس لیے کسی کو مشکل نہیں ہے۔
لیگ اسپنر نے کہا کہ ہم سب کی کوشش یہی ہے کہ تیاری اچھی ہو اور میدان میں اچھا کھیلیں، ہم بحثیت ٹیم ایشیا کپ میں سو فیصد دینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
راشد خان کا ماننا ہے کہ ہماری بولنگ ہمیشہ اچھی رہی ہے کنڈیشنز کے مطابق کھیلتے ہیں ،فاسٹ بولر فضل حق فاروقی نے بھارتی لیگ میں اچھا پرفارم کیا، اس کو ایکسپوزر ملا اور انہوں نے جو معیار قائم کیا سب اس تک پہنچنا چاہتے ہیں، ہم کوشش کرتے ہیں کہ فاسٹ بولنگ میں اٹیک کریں اور پھر مڈل میں اسپنرز کے لیے تھوڑی آسانی ہوتی ہے۔