متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ 2022 کے گروپ مرحلے کی میچز مکمل ہونے کے بعد روایتی حریف بھارت اور پاکستان آج ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ہوں گے۔
گروپ مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز کی ریکارڈ شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی اور کرکٹ کے شائقین کو ایک مرتبہ پھر ایک سنسنی خیز مقابلے کے لیے تیار کردیا۔
سپر فور مرحلے کا پہلا میچ گروپ بی سے آنے والے ٹیموں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان کل گزشتہ روز کھیلا گیا جس میں سری لنکا نے افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا، جو سپر فور مرحلے کا دوسرا میچ بھی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کےمطابق شاہنواز دھانی سائیڈ اسٹرین کے شکار ہونے کا خدشہ جس کی وجہ سے بھارت کے خلاف میچ میں شامل نہیں ہوں گے۔
شاہنواد دھانی کے متبادل کے طور پر محمد حسنین اور حسن علی میں سے کسی ایک کو آج بھارت کے خلاف میچ میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔
قبل ازیں شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم بھی ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل متحدہ عرب امارات میں انجریز کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔