ایشیا کپ: بھارت کو سری لنکا کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست

eAwazکھیل

ایشیا کپ 2022 میں سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بولنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے تاہم سری لنکا نے 174 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

لوکیش راہول 6 اور کوہلی صفر پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد روہیت شرما نے ٹیم کو سنبھالا اور سریا کمار یادو کے ساتھ 58 گیندوں پر 97 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکال کر اچھی پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔

اس کے بعد سری لنکن بولرز نے واپسی کی جہاں روہیت شرما اور سریا کمار یادو کی وکٹیں لے کر بھارت کی رنز کی رفتار کو بریک لگادی۔

روہیت شرما 72 اور سریا کمار یادو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم ان کے بعد سری لنکن بولرز کے ایکسٹراز، ہاردیک پانڈیا اور ریشبھ پنت کے 17، 17 رنز جبکہ روی ایشون کے 15 رنز کی بدولت بھارتی ٹیم 173 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

سری لنکا کی جانب سے دلشن مدھوشنکا 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے نمایاں بولر رہے جبکہ چمیکا کرونارتنے اور دسن شناکا کے حصے میں 2، 2 وکٹیں آئیں۔