معروف پاکستانی گلوکار، اداکار و میزبان فخرِ عالم نے میچ کے بعد اسٹیڈیم میں افغان شائقین کی ہنگامہ آرائی پر اپنے ردِ عمل میں کہا کہ آئی سی سی کرکٹ کے تمام مقامات پر شائقینِ کرکٹ کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔
فخرِ عالم نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان سے میچ ہارنے کے بعد اسٹیڈیم میں افغان شائقینِ کرکٹ کی جانب سے کیے گئے ہنگامے کی وائرل ویڈیو شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’افغان شائقینِ کرکٹ کا یہ رویہ انتہائی شرمناک اور مایوس کن ہے‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کرکٹ کے تمام مقامات شائقین کے لیے محفوظ ہوں‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’اس پُرتشدد رویے کی اجازت بالکل نہیں دی جا سکتی‘۔
فخرِ عالم نے لکھا کہ’امید ہے مقامی حکّام تمام ملزمان کے خلاف کارروائی کریں گے‘۔
گلوکار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شارجہ کے اسٹیڈیم میں مشتعل افغان شائقینِ کرکٹ کی ہنگامہ آرائی کی ایک اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’یہ ایک جان لیوا عمل ہے، جس طرح یہ سب اس بات کی پرواہ کیے بغیر کرسیاں اُٹھا کر ہوا میں پھینک رہے ہیں کہ یہ اسٹیڈیم میں موجود خواتین یا بچوں کو بھی لگ سکتی ہیں‘۔