اسلام آباد: پاکستان قدرتی آفات کے لحاظ سے ہائی رسک پر ہے، پاکستان میں سیلاب کی تباہی زلزلے سے زیادہ ہے جب کہ پاکستان میں ہرسال قدرتی آفات سے 2ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔
قدرتی آفات کے بارے میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے رپورٹ جاری کردی ،جس میں کہا گیا کہ پاکستان میں قدرتی آفات سے 863افرادجاںبحق ہوئے ہیں، قدرتی آفات کی تباہی سے پاکستان میں غربت بڑھتی ہے۔
سیلاب، فصلیں ، گھراورسامان سب تباہ کردیتا ہے ، پاکستان میں فصلوں کی انشورنس بہت محدود ہے، پاکستان میں صرف 2لاکھ 27ہزار کسانوں کی فصل انشورڈ ہے، سیلاب پاکستان کے پسماندہ اضلاع کو مزید پسماندہ کردیتا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں سیلاب وزلزلے کے باعث سب سے زیادہ لوگ غربت کا شکار ہیں، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ میں زیادہ تر لوگ غربت کا شکار ہیں، سیلاب اور زلزلے سے بچاؤ کیلیے ڈیزاسٹر رسک فنانس اپروچ کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔