شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس سمرقند میں شروع ہو گیا، وزیرِ اعظم شہباز شریف اجلاس میں شرکت کے لیے کانگریس سینٹر پہنچ گئے۔
ازبکستان کے صدر نے کانگریس سینٹر پہنچنے پر وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان سے خطاب بھی کریں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں رکن اور مبصر ممالک کے سربراہان کے ساتھ ساتھ دیگر خصوصی مہمان شرکت کریں گے۔
اجلاس میں اہم عالمی اور علاقائی مسائل زیرِ بحث آئیں گے جن میں موسمیاتی تبدیلی، فوڈ سیکیورٹی، انرجی سیکیورٹی اور پائیدار سپلائی چین جیسے معاملات خصوصی اہمیت کے حامل ہوں گے۔
اجلاس میں مستقبل کی سمت کے تعین سے متعلق معاہدوں اور دستاویزات کی بھی منظوری دی جائے گی۔