حالیہ سیلاب سے بہت زیادہ نقصان ہوا لیکن وہی لوگ سمجھ سکتے ہیں جنہوں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہو۔
انوشے اشرف نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آر جے ڈینو علی اور موسیقار نتاشا بیگ کے ہمراہ بلوچستان کا دورہ کیا، انہوں نے مجموعی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا۔
انوشے اشرف نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہر وہ شخص ذمہ دار ہے جس کے لیے یہ صورتحال ٹھیک ہے۔
انہوں نے ہفتے کو اپنے دورے کی ایک ویڈیو شیئر کی، انوشے اشرف نے کہا اگرچہ سیلاب نے پاکستان کے زیادہ تر حصے کو تباہ کر دیا ہے، بلوچستان کے دیہاتوں کا دورہ میرے لیے خاص دلچسپی اور اولین ترجیحی تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو طویل عرصے سے نظر انداز کیا گیا ہے، ہم اس کی حقیقت کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے۔
انوشے اشرف نے لکھا کہ جیسا کہ توقع تھی، ہمیں ٹوٹی ہوئی سڑکیں، ڈوبی ہوئی زمینیں، تباہ شدہ پل وغیرہ دیکھ کر دکھ ہوا، مجھے سب سے زیادہ دکھ ان لاتعداد بچوں کو دیکھ کر ہوا جو اپنے بڑوں کی کوتاہی سے متاثرہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کے مستقبل کے لیے کچھ بھی نہیں دیا، ان کے پاس پہننے کے لیے چپل بھی نہیں۔
انوشے اشرف نے کہا کہ میں صرف حکومت کو مورد الزام نہیں ٹھہراتی بلکہ میں خود کو بھی ذمہ دار سمجھتی ہوں۔