گوگل کی جانب سے میسجز ایپ کو ایپل میسجز اور واٹس ایپ کے مقابلے پر تیار کیا جارہا ہے۔
اب گوگل میسجز میں جلد چند نئے فیچرز متعارف کرائے جارہے ہیں جو اس ایپ کو واٹس ایپ سے مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔
9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق گوگل میسجز میں مستقبل میں چند نئے فیچرز متعارف کرائے جائیں گے۔
ان میں سے ایک فیچر مخصوص میسجز پر ریپلائی کی سہولت فراہم کرے گا، جو واٹس ایپ میں صارفین عام استعمال کرتے ہیں۔
صارفین بہت جلد کسی میسج پر ایموجی کے ذریعے بھی اپنا ردعمل ظاہر کرسکیں گے۔
اسی طرح گوگل میسجز میں وائس نوٹس ٹو ٹیکسٹ ٹرانسکرائب کا فیچر بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔
یہ فیچر اس وقت کام کرے گا جب آپ ایک آڈیو کلپ کو کسی وجہ سے سن نہیں سکیں گے تو وہ میسج ٹیکسٹ کی شکل اختیار کرلے گا۔
یہ فیچر دیگر میسجنگ ایپس میں موجود نہیں۔
خیال رہے کہ گوگل میسجز متعدد اینڈرائیڈ فونز میں ایس ایم ایس اور ایم ایم ایس کے لیے بائی ڈیفالٹ ایپ ہے جو رچ کمیونیکیشن سروسز (آر سی ایس) کو سپورٹ بھی کرتی ہے۔
آر سی ایس کو گوگل کی جانب سے ایس ایم ایس کے متبادل کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے تاکہ ایس ایم ایس کو جدید شکل دی جاسکے۔
آر سی ایس میں میڈیا فائلز بھیجنا ممکن ہے جبکہ دیگر جدید میسجنگ فیچرز بھی صارفین کو دستیاب ہیں۔