خیبرپختونخوا حکومت نے پولیس، زراعت، معدنیات اور ریسکیو شعبوں میں ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے منصوبے پر عملدرآمد کی منظوری دے دی ہے۔ پہلے مرحلے میں پولیس اور پی ڈی ایم اے میں ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ ڈرون ٹیکنالوجی سے پولیس کی آپریشنل اور تفتیشی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی۔ ڈرونز کے ذریعے پٹرولنگ سے پولیس اہلکاروں کی جانوں کو محفوظ کیا جا سکے گا۔
محمود خان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ مؤثر پولیسنگ کی طرف اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرونز کے ذریعے ریسکیو آپریشنز میں بھی خاطر خواہ بہتری ممکن ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں معدنیات، زراعت اور دیگر شعبوں تک ڈرون ٹیکنالوجی کو توسیع دی جائے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈرون ٹیکنالوجی منصوبے کے ابتدائی تخمینہ کی لاگت 50 کروڑ روپے ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ پہلے مرحلے میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سے منصوبے کا اجراء کیا جائے گا۔