محکمۂ موسمیات نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈینگی مزید بڑھنے اور وباء کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد درجہ حرارت کم ہو کر 26 سے 29 ڈگری اور نمی 60 فیصد رہے گی، یہ موسم ڈینگی لاروا کی افزائش بڑھا دے گا۔
محکمۂ موسمیات نے کہا کہ کراچی، لاہور، پشاور، راول پنڈی، اسلام آباد، حیدرآباد، لاڑکانہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور ملتان میں اگلے ماہ سے ڈینگی وباء کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے اپنے الرٹ میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی ڈینگی بڑھے گا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی سے نیچے جانے پر ڈینگی کی افزائش رک جاتی ہے، ستمبر کے وسط سے ہی ڈینگی کے حملے کے لیے سازگار موسمی ماحول بن چکا ہے۔
دوسری جانب سندھ میں سیلاب سے متاثر علاقوں میں سانس، دمہ اور سینے کی مختلف بیماریوں سے مزید 15ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو گئے ہیں۔
محکمۂ صحت کے مطابق صوبے میں سیلاب کے باعث 29 لاکھ 53 ہزار سے زائد افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں۔