اداکارہ و میزبان فضا علی نے کیرئیر کے آغاز پر پیش آنے والی مشکلات اور مالی حالات سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
فضا علی کا شمار پاکستان کی ان چند اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو اپنے بے باک اندازِ بیان اور کھری ہونے کی وجہ سے جانی جاتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ مداح بھی سوشل میڈیا پر فضا کی باتوں اور سچائی کو سراہتے ہیں۔
اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے، فضا علی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ‘شوبز میں جب کیرئیر کا آغاز کیا اس وقت اپنا گھر نہیں بلکہ کرائے کے گھر پر رہتے تھے اور والدہ کینسر کی مریضہ تھیں’۔
اداکارہ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ‘کرائے کے مکان کی وجہ سے بہت اخراجات تھے، امی کا علاج بھی مہنگا تھا اور پھر میں تعلیم بھی حاصل کر رہی تھی اسی لیے کوشش کرتی تھی کہ زیادہ سے زیادہ پیسے بچاؤں’۔
فضا علی نے کہا ‘میں شاپنگ زیادہ نہیں کرتی تھی اور لنڈے کے استعمال شدہ کپڑے پہنتی تھی، جتنا لنڈا میں نے پہنا ہوگا اتنا کسی نے نہیں پہنا ہوگا، میں کبھی عالیشان ہوٹلوں میں کھانا نہیں کھاتی تھی، کیرئیر کی شروعات میں سیٹ پر بھوکی رہتی تھی لیکن اپنے پیسوں سے کھانا کبھی نہیں منگوایا، اگر کوئی دیتا تو کھالیتی تھی ورنہ گھر جاکر امی کا پکا ہوا سالن کھاتی تھی’۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘کافی مشکل سے پیسے جوڑ کر کراچی میں 18 لاکھ کا ایک فلیٹ خریدا تھا جو کہ ان کا ذاتی پہلا گھر تھا’۔