آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے فوج نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ اس عظیم فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، اس ادارے سے پاس آؤٹ ہونا بڑے فخر کی بات ہے، 146ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کامعائنہ کرنا باعث فخرہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ فوج نے پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانےکے لیے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں، عوام کی مکمل سپورٹ اوراعتمادسے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں، یقینی بنایا ہے کہ پاکستان سے منظم دہشتگردی فیصلہ کن طور پر جڑ سے اکھاڑ دی جائے، یہ کامیابی بے شک ایسی ہے جسے کئی ممالک یا افواج دعوی نہیں کرسکتیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طور پر حل کرنے کے خواہاں ہیں لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ امن کی خواہش میں پاکستان نے نیک نیتی سے پڑوسیوں اور علاقائی ملکوں سے اچھے تعلقات کے لیے بھرپورکوششیں کی ہیں ، جنوبی ایشیاکےلوگوں کوبھی خوشحالی اور بہترمعیار زندگی کاحق حاصل ہے، جنوبی ایشیا میں خوشحالی تسلسل سے معاشی ترقی اور دیرپاامن سے ہی ممکن ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا ہمیں بھرپورکوشش کرنی چاہیےکہ شعلوں کو اپنے خطے سے دور رکھیں، ہمیں طریقہ کاربناکرباہمی معاملات کوپرُامن طورپرحل کرنے کے لیے امن کو موقع دینا چاہیے، ہمیں ایک دوسرے لڑنے کے بجائےمل کر بھوک ،غربت ،جہالت سے مقابلہ کرنا چاہیے ، ہمیں مل کر تیزی سے بڑھتی آبادی ، ماحولیاتی تبدیلی اور بیماریوں کا مقابلہ کرناچاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بدل گئی ہے ہمیں بھی تبدیل ہو جانا چاہیے، ورنہ "اسٹیٹس کو”کی قیمت ہم سب کواداکرنی پڑے گی۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کسی بھی فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، ملک کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے ، ہمیشہ الرٹ رہیں اورملک کےخلاف سازشوں کوشکست اورجواب دینےکیلیےتیار رہیں، کسی ملک، گروپ یا تنظیم کو پاکستان کو سیاسی یا معاشی غیرمستحکم کرنے نہیں دیا جائے گا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے خون سے اپنے ملک کی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کی ہے ، آج ہم جس مقام پرہیں وہ ہزاروں بیٹوں کی جانوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہیں ، مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔