پاکستانی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کی والدہ، معروف شاعرہ خاور کیانی انتقال کر گئیں۔
حدیقہ کیانی کی مینجمنٹ ٹیم کی جانب سے یہ افسوسناک خبر انسٹاگرام اکاؤنٹ کی پوسٹ اور اسٹوری پر شیئر کی گئی ہے۔
حدیقہ کیانی کی پوسٹ میں والدہ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ والدہ، دادی اور شاعرہ خاور کیانی اپنے خاندان کے افراد اور دوستوں کی موجودگی میں آج اپنے گھر میں پر سکون حالت میں انتقال کر گئی ہیں، وہ کئی عرصے سے علیل تھیں۔
پوسٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ ہم اس غم کے موقع پر سب سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں براہِ کرم ہمارے خاندان کے نجی معاملات کا احترام کریں اور والدہ کی مغفرت کے لیے دعا کریں۔
حدیقہ کیانی کی ٹیم کا اس پوسٹ میں لکھنا ہے کہ بے شک ہم اللّٰہ ہی کے ہیں اور ہمیں اس ہی کی جانب لوٹ کر جانا ہے، خاور کیانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ خاور کیانی نے اپنی زندگی میں کئی کتابوں سمیت کئی مشہور گانے بھی لکھے جن میں اُن کی بیٹی کی جانب سے گایا گیا گانا’بوہے باریاں‘ اور 1999 کے ورلڈ کپ کا گانا ’انتہائے شوق‘ شامل ہے۔