ایٹمی اثاثوں کے تحفظ کیلئے پاکستان کے عزم پر پراعتماد ہیں: امریکا

eAwazورلڈ

امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایٹمی اثاثوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم پر پراعتماد ہیں۔

ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا جیو نیوز کے نمائندے سے گفتگو کے دوران پاکستان سے متعلق صدر جوبائیڈن کے مؤفف پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صدر جوبائیڈن سمجھتے ہیں کہ محفوظ اور خوشحال پاکستان امریکی مفادات کے لیے انتہائی اہم ہے۔

ترجمان امریکی دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ طویل عرصے سے جاری تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، امریکا ایٹمی اثاثوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم پر پراعتماد ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر کا ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے روس اور چین کے ساتھ پاکستان کو بھی لپیٹ میں لیتے ہوئے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو غیر منظم قرار دیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی صدر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے جوہری اثاثے بالکل محفوط اور عالمی قوانین کے عین مطابق ہیں، ہمارے جوہری اثاثے اپنے ملک کی سالمیت کے لیے ہیں ناکہ کسی ملک کے خلاف جارحیت کے لیے۔