وارم اپ میچ میں پاکستان کی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں ناکام

eAwazکھیل

ٹی20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

برسبین میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو آرام کا موقع فراہم کیا۔

اوپنرز حیدر علی اور شان مسعود نے ٹیم کو 29 گیندوں پر 49رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد حیدر کی 18 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

شان مسعود نے 22 گیندوں پر 39 رنز بنائے جبکہ قائم مقام کپتان شاداب خان نے 14رنز اسکور کیے اور خوشدل شاہ گولڈنگ ڈک پر آؤٹ ہوئے۔

افتخار احمد نے 22، آصف نے 14 رنز بنائے جبکہ اختتامی اوورز میں محمد وسیم نے 16 گیندوں پر 26 رنز بنا کر پاکستان کے مجموعے کو مقررہ اوورز میں 160 تک پہنچایا۔

انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی نے دو وکٹیں لیں جبکہ بین اسٹوکس، سیم کرن، کرس جورڈن اور لیام لیونگسٹن نے ایک، ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم ابتدا میں ہی فل سالٹ سے محروم ہو گئی لیکن بین اسٹوکس نے 18 گیندوں پر 36 رنز بنا کر اسکور کو 49 تک پہنچا دیا۔

اس مرحلے پر بین اسٹوکس کے ساتھ ساتھ ایلکس ہیلز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کی تیم 51 رنز پر تین وکٹیں گنوا چکی تھی جس سے میچ میں پاکستان کی واپسی کی امید پیدا ہوئی۔

لیکن لیام لیونگسٹن اور ہیری بروک نے محض 26 گیندوں پر 53 رنز کی شراکت قائم کر کے انگلینڈ کی جیت کی امیدیں روشن کر دیں۔

لیونگسٹن 16 گیندوں پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن نئے بلے باز سیم کرن نے میدان میں آ کر مزید جارحانہ انداز اپنایا اور 14 گیندوں پر 33 رنز بنائے جبکہ ہیری بروک نے بھی ان کا بھرپور ساتھ نبھاتے ہوئے 24 گیندوں پر 45 رنز بٹورے۔

نگلینڈ نے 161 رنز کا ہدف باآسانی 32 گیندوں قبل حاصل کر کے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا وار اپ میچ 19 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔