قومی ٹیم کی شکست پر زمبابوین صدر کا طنز، وزیراعظم کا بھرپور جواب

eAwazکھیل

ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی زمبابوے کے ہاتھوں شکست کے بعد زمبابوے کے صدر ایمرسن ڈیمبڈزو مننگواگا نے اپنی ٹیم کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ٹیم کا مذاق بھی اڑایا جس پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے انہیں بھرپور جواب دیتے ہوئے کھیل کو اس کی روح کے مطابق کھیلنے کا سبق سکھایا۔

گزشتہ روز پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی تھی۔

زمبابوے کے صدر نے فتح کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ زمبابوے کو شاندار فتح پر مبارکباد، پاکستان اگلی مرتبہ اصل ’مسٹر بین‘ بھیجے۔

دراصل زمبابوے کے صدر 2016 میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دے رہے تھے جب پاکستانی مزاحیہ اداکار آصف محمد نے زمبابوے کا سفر کیا تھا اور وہاں خود کو عالمی شہرت یافتہ مزاحیہ کردار ’مسٹر بین‘ ثابت کرنے کی کوشش کی تھی حالانکہ یہ کردار مشہور اداکار رونی ایٹکنسن نے ادا کیا ہے۔

زمبابوین صدر کا یہ انداز پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ وزیراعظم شہباز شریف کو بھی ہرگز پسند نہ آیا اور انہوں نے صدر ایمرسن کو اس کا بھرپور جواب دیا۔

شہباز شریف نے جواب دیا کہ شاید ہمارے پاس اصل مسٹر بین نہیں لیکن ہمارے پاس کرکٹ کا حقیقی جذبہ ہے، اور ہم پاکستانیوں کی یہ پُرمزاح عادت ہے کہ ہم بہترین واپسی کرتے ہیں۔

وزیراعظم پاکستان نے اس کے ساتھ ساتھ زمبابوے کے صدر کو فتح پر مبارکباد بھی دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔