پاکستانی میزبان متھیرا نے اداکار یاور اقبال کی جانب سے ہیلووین کے موقع پر پردے کا گیٹ اپ کرنے پر غصے کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ہیلووین انگریزوں کے ایک روایتی تہوار کی سی حیثیت رکھتا ہے، ہر سال کی 31 اکتوبر کو دنیا بھر میں اسے منانے والے افراد ڈراؤنے گیٹ اپ اختیار کر کے سڑکوں پر نکلتے ہیں جبکہ اس دن کے لیے باقاعدہ تقریبات کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔
یہ دن تقریباً ہر ملک میں منایا جاتا ہے، اس برس سعودی عرب میں بھی پہلی بار منایا گیا۔
پاکستانی شوبز ستاروں نے بھی ہیلووین کو خوب اچھی طرح منایا۔ اداکار یاور اقبال چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے گیٹ اپ میں نظر آئے۔
یہ گیٹ اپ کوئی ڈراؤنا نہیں بلکہ مکمل، سر تا پیر پردے پر مشتمل تھا۔
اداکار یاور کی جانب سے پردے کو بطور ڈراؤنے گیٹ اپ استعمال کرنے پر اُنہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔
اسی سلسلے میں اب اداکارہ متھیرا نے بھی اپنے رائے کا اظہار کیا ہے۔
متھیرا کا اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر کہنا ہے کہ کسی کو بھی پردے کا مذاق نہیں اُڑانا چاہیے، ہم سب کو مذاق اور تکلیف دینے کے درمیان باریک لکیر کا فرق معلوم ہونا چاہیے، یہ ٹھیک بات نہیں ہے۔