پیراسیٹامول گولیوں کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری

eAwazصحت

محکمہ صحت نے معمولی بخار کی دوا پیراسیٹامول کی قیمتوں میں 25 فیصد اضافے کے اعلان کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ ماہ کچھ ماہ قبل مارکیٹ میں معمولی بخار کی دوا پیراسٹامول کی ادویات کی قلت ہوگئی تھی، بعد ازاں فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی جانب سے ادویات کی سپلائی کو مارکیٹ میں دوبارہ بحال کردیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے فارما سیوٹیکل کمپنیوں کو پیراسیٹامول کی ادویات کی قیمتوں میں 25 فیصد اضافے کی منظوری دینے کے بعد 3 نومبر کو محکمہ صحت کی جانب سے ادویات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفیکشن جاری کردیا تھا۔

اس سے قبل 21 اکتوبر کو معروف فارما سیوٹیکل کمپنی گلیکسو اسمتھ کلائن کنزیومر ہیلتھ کیئر پاکستان لمیٹیڈ نے پیناڈول کی پیداوار بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کی وجہ سے کمپنی کو نقصان ہورہا ہے۔

تاہم 3 نومبر کو پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچر ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) نے پیراسیٹامول کی قیمتوں میں اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اُن دیگر ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرنا چاہیے جن کی مینوفیکچرنگ بڑھتی ہوئی پیداوار کے پیش نظر ناقابل عمل ہو چکی ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ حکومت کی منظوری کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے پیراسیٹامول کی قیمت میں اضافہ کا تعین کیا اور نئی قیمتوں پر ادویات کی فروخت کی اجازت دے دی گئی ہے۔