پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے معاملے پر پولیس نے پی ٹی آئی رہنما زبیر نیازی کی پہلی درخواست پر مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست کے متن پر فریقین میں دو روز سے ڈیڈ لاک برقرار ہے، ڈیڈ لاک کے دوران فریقین میں چار بار رابطہ ہوا لیکن پولیس اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹی۔
ذرائع نے کہا کہ پولیس کے تحفظات پر درخواست گزار فریق نے مشاورت کے لیے دوبار مہلت مانگی ہے، مشاورت کے لیے دی گئی مہلت کی مدت آج شام ختم ہو جائے گی، پولیس نے مزید تاخیر کی صورت میں اگلے لائحہ عمل کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔
پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مزید تاخیر ہوئی تو مقدمہ ریاست کی مدعیت میں درج کیا جائے گا، مقدمہ درج کرنے کے لیے لیگل برانچ اور قانونی ماہرین سے مشاورت کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔
واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔
فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔