ایلون مسک نے کہا ہے کہ ٹوئٹر کو استعمال کرنے کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
یہ دعویٰ انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کیا۔
انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ ٹوئٹر کا استعمال تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
درحقیقت ایلون مسک نے تو اس خدشے کا اظہار کیا کہ اتنے زیادہ ہجوم کے باعث سرور پگھل نہ جائیں۔
البتہ انہوں نے کسی قسم کے اعداد وشمار جاری نہیں کیے۔
مگر ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد ٹوئٹر کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ٹوئٹر کے ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا کہ 28 اکتوبر کے بعد سے ٹوئٹر کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد میں 20 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
اس سے قبل 6 نومبر کو ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ دنیا بھر میں ٹوئٹر صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر کا انتظام سنبھالنے کے بعد سے ایلون مسک نے اس میں کئی تبدیلیاں کی ہیں۔
ٹوئٹر کے 50 فیصد عملے کو فارغ کردیا گیا جبکہ اکاؤنٹ ویری فائیڈ کرانے کے عمل کو بھی بدل دیا گیا جس پر باضابطہ عملدرآمد امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے بعد ہوگا۔