جسم میں خون کی کمی کا اشارہ دینے والی علامات

eAwazصحت

خون کی کمی کے مسئلے کا سامنا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتا ہے۔

خون کی کمی کو طبی زبان میں انیمیا کہا جاتا ہے جس کی کئی اقسام ہیں مگر سب سے عام قسم جسم میں آئرن کی کمی کا نتیجہ ہوتی ہے۔

زیادہ تر افراد کو انیمیا کا سامنا جسم میں آئرن کی کمی کے باعث ہی ہوتا ہے۔

آئرن کی کمی سے جسم مناسب مقدار میں خون کے سرخ خلیات بنانے میں ناکام رہتا ہے۔

اسی طرح جسم کو آئرن کی ضرورت ایک پروٹین ہیموگلوبن بنانے کے لیے بھی ہوتی ہے جو خون کے سرخ خلیات کو آکسیجن لے جانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

خون کے سرخ خلیات پورے جسم میں آکسیجن کو پہنچانے کا کام کرتے ہیں۔

ہمارے جسم کے ہر حصے کو اپنے افعال کے لیے آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے اور خون میں آکسیجن کی ناکافی مقدار سے مختلف علامات کا سامنا ہوتا ہے۔

خون کی کمی کی علامات

آئرن کی کمی کے باعث انیمیا کا سامنا کرنے والے افراد کو مختلف علامات کا سامنا ہوتا ہے جو درج ذیل ہیں۔

تھکاوٹ یا کمزوری۔

جلد کی رنگت زرد ہوجانا۔

سانس لینے میں مشکلات۔

سر چکرانا یا سردرد۔

دل کی دھڑکن کی رفتار بڑھ جانا۔

سینے میں تکلیف۔

ہاتھ پیر ٹھنڈے ہوجانا۔

ناخن کمزور ہونا یا ٹوٹنا۔

بالوں کا تیزی سے گرنا۔

ہونٹوں کے کونے پھٹ جانا۔

مٹی، لکڑی یا برف کھانے کی خواہش بڑھ جانا۔

زبان سوج جانا۔

لیٹنے کے بعد ٹانگوں کو بلاوجہ ہلاتے رہنے کی خواہش۔

ان میں سے بیشتر علامات دیگر امراض کا نتیجہ بھی ہوسکتی ہیں تو تشخیص کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہوتا ہے۔

جسم میں آئرن کی کمی کی تشخیص ہونے پر ڈاکٹروں کی جانب سے سپلیمنٹس تجویز کیے جاسکتے ہیں جن کے استعمال سے حالت بہتر ہوجاتی ہے۔