گول مشین لیونل میسی نے میراڈونا کو پیچھے چھوڑ دیا

eAwazکھیل

لاہور: گول مشین لیونل میسی نے میرا ڈونا کو پیچھے چھوڑ دیا، 4 مختلف ورلڈکپس میں گول کرنے والے پہلے ارجنٹائنی جبکہ دنیا کے پانچویں فٹبالر کا اعزاز حاصل کرلیا۔

قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ میں ارجنٹائن کو سعودی عرب کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر دوسری جانب لیونل میسی تاریخ رقم کرنے میں ضرور کامیاب ہوگئے،انھوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے واحد گول کرتے ہوئے آئیڈیل ڈیاگو میرا ڈونا کو پیچھے چھوڑ دیا۔

کپتان کھیل کے 10ویں منٹ میں پنالٹی کو کار آمد بناتے ہوئے 4 مختلف ورلڈکپس میں گول کرنے والے پہلے ارجنٹائنی فٹبالر بن گئے، ڈیاگو میرا ڈونا نے 1982 1986اور 1994کے میگا ایونٹس میں گیند کو جال کی راہ دکھائی تھی،گبریل بٹیسٹا نے 1994 1998اور 2002میں ارجنٹائن کیلیے گول کیے تھے۔
لیونل میسی 4مختلف ورلڈکپس میں گول کرنے والے دنیا کے پانچویں فٹبالر بھی بن گئے،انھوں نے 2006، 2004،2014 کے بعد گذشتہ روز بھی کھاتہ کھول لیا، یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دیگر 4فٹبالرز میں پیلے، کرسٹیانو رونالڈو، یوی سیلر،میروسلاو کلوز شامل ہیں۔

فیفا فٹبال ورلڈکپس میں لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے گولز کی تعداد بھی برابر ہوگئی،دونوں نے اب تک 7،7گولز کیے ہیں، میسی اور رونالڈو کا میگا ایونٹ میں ڈیبیو 2006 میں ہوا تھا، اس وقت سے اب تک دونوں کی برتری کیلیے دلچسپ دوڑ جاری ہے۔

میسی کو دنیا میں گول مشین کے نام سے یاد کیا جاتا ہے،کلب فٹبال اور ارجنٹائن کی نمائندگی کرتے ہوئے انھوں نے کئی یادگار کارنامے سرانجام دیے ہیں۔