پروپیگنڈے اور توہین آمیز تنقید کے باوجود ادارہ غیرسیاسی رہنے کے عزم پر ثابت قدم رہے گا، آرمی چیف

eAwazپاکستان

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ فوج مخالف پروپیگنڈے اور جھوٹی کہانیاں گھڑ کر مسلح افواج کے خلاف کی جانے والی تنقید اور بےجا توہین کے باوجود ادارہ غیرسیاسی رہنے کے عزم پر ثابت قدم رہے گا۔

گلف نیوز کو خصوصی انٹرویو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی فیصلہ سازی میں پاک فوج کا کردار اہم رہا ہے لیکن ملکی سیاست میں کردار ادا کرنے پر انہیں ہمیشہ عوام اور سیاستدانوں کی جانب سے تنقید کا سامنا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ فوج سیاست میں کوئی کردار ادا نہیں کرے گی اور اس کے کردار کو آئینی مینڈیٹ تک محدود کردیا، گو کہ معاشرے کے ایک طبقے کی جانب سے اس فیصلے کو منفی انداز میں لیا گیا اور ذاتیات کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن اس فیصلے سے جمہوری روایات مضبوط ہوں گی، ریاست کے تمام اداروں کو بہتر طریقے سے کام کرنے اور سب سے بڑھ کر فوج کے وقار میں اضافے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فوج کا عوام نے بے پناہ احترام اور بھروسہ کیا ہے اور ملکی سیکیورٹی میں فوج کے تعمیری اور مثبت کردار کی عوام نے ہمیشہ غیر متزلزل حمایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک پروپیگنڈے کے ذریعے اور جھوٹی کہانیاں گھڑ کر پاک فوج پر تنقید اور بےجا توہین کے باوجود ادارہ غیرسیاسی رہنے کے عزم پر ثابت قدم رہے گا، مجھے یقین ہے کہ مسلح افواج کا یہ سیاسی قرنطینہ آنے والے وقتوں میں پاکستان کے لیے سیاسی استحکام کو فروغ دیتے ہوئے فوج سے عوام کے تعلقات کو مضبوط کرے گا۔