ممبئی: بھارتی ہدایتکار ابھیشک شرما کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری کی کوئی فلم اوریجنل نہیں ہو سکتی۔
بھارتی ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہدایتکار ابھیشک شرما نے بالی ووڈ کے اصلی ہونے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ’بالی ووڈ انڈسٹری سے اوریجنل ہونے کی امید کیسے کی جا سکتی ہے جب اس کا نام ہی کسی دوسرے کی نقل ہے‘۔
بالی ووڈ کے نام کو ہی قابلِ اعتراض قرار دیتے ہوئے ابھیشک شرما نے مزید کہا کہ ’بالی ووڈ تو کسی صحافی کا لطیفہ ہوگا جو کہ زبان زدِ عام ہوگیا، اگر کسی کا نام ہی کسی دوسرے کی نقل ہوگی تو آپ کیسے اُمید لگائیں گے کہ وہ چیز اوریجنل ہو؟۔ ہدایتکار نے سوال کیا کہ ’کیا ہم واقعی ایک بالکل اصل انڈسٹری ہیں؟ ہمیں جانچنا ہوگا‘۔
علی ظفر کی ’تیرے بن لادن‘ سے ہدایتکار ی کی دنیا میں قدم رکھنے والے ابھیشک شرما نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے بالی ووڈ پر ریمیکس بنانے کا الزام لگایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کی فلمیں مسلسل جنوبی بھارت کی فلموں کی ریمیک بن کر آتی ہیں جس پر ہندی فلم انڈسٹری کو شدید عوامی ردِ عمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بھارتی ہدایتکار نے بالی ووڈ کے گانے کاپی کرنے کے رواج کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ میں جہاں ریمیک فلموں کا دور چل رہا ہے وہیں کافی عرصے سے ریمیک گانوں کا بھی رواج عام ہے۔
انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کی فلموں میں نہ صرف پرانے گانوں یا پھر پنجابی گانوں کو ریمیک کیا جاتا ہے بلکہ غیر ملکی گانوں کو بھی بلا اجازت ریمیک بنا کر پیش کر دیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ابھیشک شرما نے تیرے بن لادن کے کئی سالوں بعد حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’رامو سیتو‘ کی ہدایتکاری کی ہے جس میں اکشے کمار نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔