سابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے ڈبل گیم کھیلی بےنقاب ہوگئے، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ باجوہ نے ڈبل گیم کھیلی، ان کا عجیب رویہ تھا لیکن اس کا فائدہ نہیں ہوا لیکن بے نقاب تو ہوگئے۔
بول نیوز پر پروگرام ’بول عمران خان کے ساتھ میں‘ گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم 66 فیصد پاکستان میں انتخابات کروانے جا رہے ہیں، کیا حکومت چاہتی ہے کہ ملک منجمد ہو جائے کیونکہ جب انتخابات ہوں گے تو وفاقی حکومت بھی الیکشن پر لگ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کیا یہ حکومت چاہتی ہے کہ 66 فیصد ملک میں انتخابات ہوں اور اس کے بعد ملک میں عام انتخابات ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ عقل تو یہ کہتی ہے کہ 66 فیصد میں الیکشن ہو رہا ہے تو عام انتخابات کروادیں، اس میں کوئی لمبی بات نہیں ہے، اگر یہ چاہتے ہیں تو ہم مذاکرات کرسکتے ہیں کہ کن تاریخوں پر انتخابات ہوسکتے ہیں۔
ان سے سوال پوچھا گیا کہ اگر وہ کہتے ہیں کہ بجٹ کے بعد انتخابات کروالیتے ہیں تو اس کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت زیادہ سے زیادہ مارچ یا مارچ کے آخر تک انتخابات کروانے کے لیے تیار ہے، تو ہم رک جاتے ہیں، نہیں تو ہم اسمبلیاں تحلیل کرکے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کروا دیں گے۔
وفاقی حکومت کو الیکشن کے انعقاد سے متعلق مذاکرات کی پیشکش کے بعد پی ڈی ایم رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کی خواہش کے اظہار پر تنقید سے بچنے کے لیے عمران خان نے وضاحت کرتے ہوئے اصرار کیا کہ ان کی پیشکش کو غلط سمجھا گیا جب کہ انہوں نے ملک کے وسیع تر مفادات میں بات کی۔