تعلقات کی بحالی کے بعد اسرائیل کے صدر کا پہلا دورہ بحرین

eAwazآس پاس

اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے بحرین کا دورہ کیا ہے جو کہ 2020 میں تعلقات کی بحالی کے بعد سربراہ مملکت کا کسی خلیجی ریاست کا پہلا دورہ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے بحرین کے شاہ حماد عیسیٰ الخلیفہ اور ولی عہد شیخ سلمان بن حمد الخلیفہ کے ساتھ ملاقات کی۔

رپورٹ کے مطابق بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان نے علاقائی سیکیورٹی اور نجی شعبوں کے نمائندگان کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ 2020 میں متحدہ عرب امارات، مراکش اور بحرین پہلی عرب ریاستیں تھیں جنہوں نے دہائیوں بعد اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کیے تھے جہاں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیا نے مذاکرات کی سربراہی کی تھی۔

اس سے قبل صہیونی ریاست نے اپنے پڑوسی ممالک مصر اور اردن کے ساتھ امن معاہدات کے لیے رابطہ کیا تھا۔

اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے کہا کہ ’میں اس خطے کی دیگر ریاستوں سے بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ اس شراکت داری میں شامل ہوکر مشرق وسطی کو مزید مظبوط بنائیں۔‘

انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی استحکام کو درپیش خطرات کے پیش نظر مشرقی وسطی کے دائرے کو بڑھانے کے لیے امن کا قیام بہت اہم ہے اور نفرت، دھمکیوں اور دہشت کے عالم میں ایک ہی جواب ہے کہ ’دوستوں کے ساتھ اتحاد‘۔

خطے کے دیگر ممالک خاص طور پر سعودی عرب بارہا کہتا رہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ تنازعہ حل ہونے تک اسرائیل کے ساتھ سرکاری سطح پر تعلقات قائم نہ کرنے کے دہائیوں پرانے عرب لیگ کے موقف پر قائم رہیں گے۔