قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا گیا دوسرا کوارٹرفائنل مقررہ وقت میں 2-2 گول سے برابر رہا۔
ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کا پلڑا بھاری رہا جن کے کھلاڑی 60 فیصد گیند پر قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے لیکن ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے بھی مواقع سے فائدہ اُٹھایا۔
ارجنٹائن کی جانب سے پہلا گول مولینا نے 35 ویں منٹ میں کیا جبکہ دوسرا گول میسی نے 73ویں منٹ میں پینالٹی کک پر اسکور کیا دوسری جانب نیدرلینڈز کے دونوں گول ویگ ہورسٹ نے کھیل کے آخری لمحات میں کیے۔
میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا مگر اُس میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکی جس کے بعد پینالٹی ککس کا سہارا لیا گیا، دونوں ٹیموں کو 5،5 پینالٹی ککس دی گئیں۔
پینالٹی ککس سیشن میں ارجنٹائن نے 4 اور نیدرلینڈز نے 3 گول کیے، یوں ارجنٹائن کی ٹیم نے دوسرے کوارٹر فائنل میں فتح حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی جہاں اُس کا مقابلہ منگل کو کروشیا سے ہوگا۔
اس سے قبل جمعہ کو کروشیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد برازیل کو کوراٹر فائنل میں شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔