یوکرین کا روسی صدر کی پرائیویٹ آرمی کے رہائشی ہوٹل پر حملہ

eAwazورلڈ

یوکرین کے علاقے لوہانسک کے جلاوطن گورنر کا کہنا ہے کہ یوکرین کی فوج نے روس کے صدر ولادمیر پیوٹن کی پرائیویٹ آرمی کے رہائشی ہوٹل کو نشانہ بنایا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جلا وطن گورنر سرہی ہیدائی کا کہنا ہے کہ یوکرینی فورسز نے لوہانسک کے علاقے کدیوکا میں اس ہوٹل کو نشانہ بنایا جہاں روسی صدر ولادمیر کی پرائیویٹ آرمی ’ویگنر گروپ‘ کے ارکان ملتے ہیں۔

خیال رہے کہ ویگنر گروپ کو روسی صدر ولادمیر پیوٹن کی پرائیویٹ آرمی کے طور پر بھی جانا جاتا ہے جو کریملن کے مفاد کے لیے ریاستی سرپرستی میں مشنریز کی طرح کام کرتی ہے۔

ویگنر گروپ روسی صدر ولادمیر پیوٹن کے قریبی ساتھی یووگینی پروگوزہن نے قائم کیا تھا اور ویگنر گروپ کے یونٹس کریمیا، شام، لیبیا، مالی اور جمہوریہ وسطی افریقا میں بھی تعینات رہ چکے ہیں۔

جلا وطن گورنر لوہانسک کا کہنا ہے کہ یوکرین فورسز کے حملے میں روس کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور جو لوگ حملے میں بچ گئے ہیں ان میں سے بھی 55 فیصد طبی سہولیات نہ ہونے کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔