افریقی ملک زیمبیا میں سڑک کنارے 27 افراد کی لاشیں برآمد

eAwazورلڈ

جنوبی افریقی ملک زیمبیا میں ایک سڑک کے کنارے 27 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی جن کے حوالے سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ایتھوپیا سے ہے۔

زیمبین پولیس کا کہنا ہے کہ دارالخلافہ کے قریبی علاقے میں ایک زرعی اراضی میں سڑک کنارے 27 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ ایتھوپیائی شہری ہیں۔

پولیس کے مطابق لاشوں کے قریب انتھائی تشویشناک حالت میں ایک زندہ شخص بھی موجود تھا جسے فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاہم اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ہلاک شدگان مرد ہیں اور ان کی عمر 20 سے 38 سال کی درمیان ہے، شبہ ہے کہ تمام افراد کی موت بھوک اور کمزوری کی وجہ سے ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ایتھوپیائی مہاجرین جنوبی افریقا سمیت کسی دوسرے ملک ہجرت کرنے کیلئے اکثر زیمبیا کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔