فرانس سے شکست کے باوجود مراکشی کھلاڑیوں کا سجدہ شُکر

eAwazکھیل

دوحا: قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس کے ہاتھوں مراکش کو 0-2 گول سے شکست ہوئی۔

البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مراکش کو شکست دی تاہم مقابلے کے اختتام پر مراکشی ٹیم کے میدان پر سجدہ شُکر ادا کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

مراکشی کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف اور کوچ نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سجدہ شکر ادا کیا جبکہ فرانسیسی ٹیم کے پلئیرز بھی انہیں شاباشی دیتے نظر آئے۔

مراکش نے اپنا پہلا میچ کروشیا کے خلاف کھیلا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا، دوسرے میچ میں مراکش نے سنسنی پھیلاتے ہوئے بیلجیم کو 0-2 سے شکست دی جبکہ اگلے میچ میں کینیڈا 1-2 سے ہرایا۔سابق عالمی چیمپیئن اسپین کو 0-3 سے پنلٹی پر شکست دیکر اپ سیٹ کیا اور پھر کواٹر فائنل میں رونالڈو کا ورلڈکپ جیتنے کا خواب چکنا چُور کرتے ہوئے پرتگال کو 0-1 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

ایونٹ کے سیمی فائنل میں فرانس نے انہیں 0-2 سے شکست دیکر تاریخ رقم کرنے سے روک دیا تاہم میچ مراکشی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے لیکن گول اسکور کرنے میں ناکام رہے۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ میں مراکش کی ٹیم 17 دسمبر کو تیسری پوزیشن کے میچ کیلئے کروشیا کے مدمقابل آئے گی۔