پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نئے سال کے ساتھ نئی شروعات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اسپین کے اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب کے کلب النصر کے ساتھ سالانہ 175 ملین پاؤنڈ کے بڑے معاہدے پر دستخط کرنے والے ہیں۔
اسپینش اخبار کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو 2030 تک النصر کےساتھ معاہدہ کریں گے اور اس حوالے سے دستخط اور اعلان جلد کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق 37 سالہ کرسٹیانو رونالڈو معاہدے کے تحت ڈھائی سال سعودی کلب کے لیے کھیلیں گے جبکہ دیگر سال وہ بطور سفیر خدمات انجام دیں گے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسٹار فٹبالر کے معاہدے کی رقم میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ بھی کیا جائے گا جو کہ مجموعی طور پر تقریباً 200 ملین یوروز ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق اس معاہدے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو دنیا میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو اور سعودی کلب کے درمیان بات چیت کچھ عرصے سے جاری تھی لیکن گزشتہ ہفتے اس میں پیش رفت ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو اس وقت اپنے اہلخانہ کے ساتھ دبئی میں موجود ہیں اور سعودی عرب کے فٹبال کلب کے ساتھ معاہدے کا اعلان بہت جلد متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ اشتہارات کے معاہدے بھی کیے جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ ماہ فیفا ورلڈ کپ کے دوران سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے بھی کرسٹیانو رونالڈو کو سعودی عرب میں کھیلتا دیکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔