ہم ملک میں کرکٹ واپس لائے اور اُس وقت سب اچھا چل رہا تھا: نجم سیٹھی

eAwazکھیل

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں چیمپئنز ٹرافی جیتی اور ہم کرکٹ کو واپس لائے لہٰذا ہمارے دور میں سب اچھا چل رہا تھا۔

سرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ فلیٹ پچز پر بھی پاکستان ہاررہا تھا، ہم نے اس سیریز کو بچانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ شاہدآفریدی اپنے کیرئیر میں جارحانہ کرکٹ کھیلتے تھے، انہیں عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بنایا، وہ کافی مصروف رہتے ہیں، انہوں نے ذمے داری قبول کی اسی لیے ان کے مشکورہیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہمارے آنے سےایک دن پہلے پچھلی مینجمنٹ نے ٹیم کااعلان کردیا، میں نے پیغام بھجوایا کہ ابھی ٹیم کا اعلان نہ کریں، ہم نے ٹیم میں ایک دو اہم تبدیلیاں کی ہیں ، ایک دو نئے بولرز بھی شامل کیے ہیں، اس کے علاوہ سرفرازاحمد نے بہت کامیابیاں دلوائی ہیں اور بابراعظم پاکستان کا اسٹار ہے ۔

دوران انٹرویو انہوں نے اپنی سابقہ کارکردگی سے متعلق کہا ہم نے اپنے دور میں 5 اکیڈمیز بنائی تھیں، اب ویمنز کرکٹ کو خاص اہمیت نہیں دی گئی ،ہمارے دور میں چیمپئنز ٹرافی جیتی، ہم کرکٹ کو واپس لائے، ہمارے دور میں سب اچھا چل رہا تھا جب کہ جیسے ہی حکومت آئی انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ انہیں چلنے دیا جائے دیکھتے ہیں کیا کرتے ہیں، ان کوموقع دیا گیا کہ لیکن ان سے کچھ نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں 4 ماہ دیےگئےہیں ، نئے الیکشن کرائیں گے، ہمیں چار مہینے میں بہت کچھ کرنا ہے، ڈپارٹمنٹس کرکٹ بند کردی تھی، ابھی سارے الیکشن کرانے ہیں پھر ایک نیا بورڈ آئے گا۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جب شروع میں مجھے پی سی بی بھیجا گیا تو میری دلچسپی نہیں تھی، سب سے بڑا پی ایس ایل چیلنج تھا لیکن ہم نے اسے پورا کیا، جب پی ٹی آئی حکومت آئی تو میں خود چلاگیا، اب بہت بڑا چیلنج ہے، پی ایس ایل سے 10 گنا زیادہ مشکل ہے، تنقید نہیں کرنا چاہ رہا لیکن سارا اسٹرکچر ان ڈو کرکے نیا اسٹرکچر بنانا ہے اور یہ بہت مشکل کام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فرنچائز اور پی سی بی بورڈ کے کافی مسئلے ہیں جنہیں اب حل کرنا ہے۔